Rashid rouf british born killed in messile attacked

  • Work-from-home

RedRose64

Co Admin
Mar 15, 2007
42,742
28,183
1,313
Canada
میر علی: میزائل حملہ، چار ہلاک

عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور





راشد رؤف دو ہزار سات میں پاکستان پولیس کی حراست سے فرار ہوئے تھے

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں اطلاعات کے مطابق ایک مبینہ امریکی جاسوسی طیارے کے میزائل حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں پاکستان میڈیا کے مطابق برطانیہ کو مطلوب پاکستانی نژاد برطانوی شہری راشد رؤف بھی شامل ہیں۔
شمالی وزیرستان میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات تین بجے امریکی جاسوسی طیاروں نے مبینہ طور پر تحصیل میر علی کے قریب علی خیل کے علاقے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں بقول ان کے چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
راشد رؤف پر مبینہ طور پر بین براعظمی طیاروں کو مائع بموں سے تباہ کرنے کے منصوبے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

برطانیہ میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈینیئل سینڈفورڈ کے مطابق برطانیہ کی وزارتِ خارجہ راشد رؤف کی ہلاکت کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق برمنگھم میں پیدا ہونے والے راشد رؤف شمالی وزیرستان میں مبینہ طور پر امریکی میزائل حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

راشد رؤف کا خاندان اب بھی برمنگھم میں رہتا ہے۔ راشد رؤف اپنے ایک انکل کے قتل کے بعد ملک سے چلے گئے تھے۔ ویسٹ مڈلینڈز کی پولیس کا کہنا ہے کہ ان پر بھی قتل کا شبہ تھا۔

اس وقت سے وہ پاکستان میں رہ رہے تھے اور امریکی خفیہ ایجنسیوں کے ذرائع کے مطابق وہ بین الاقوامی دہشت گردی میں براہِ راست ملوث رہے ہیں۔

راشد رؤف کو 9 اگست 2006 کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ دسمبر 2007 کو پولیس کی حراست سے فرار ہو گئے تھے۔

پاکستان کے کئی ٹی وی چینلز کے مطابق شمال مغربی علاقے میں امریکی میزائل حملے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد میں سے ایک راشد راؤف ہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے دوسرے افراد بھی اہم جہادی ہیں۔

اسلام آباد میں بی بی سی کی نامہ نگار باربرا پلیٹ نے کہا ہے کہ ابھی تک آزاد ذرائع نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے اور صرف ایک سکیورٹی اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر ذرائع ابلاغ کو یہ خبر دی ہے۔ تاہم طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد مقامی لوگ تھے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان قبائلی پہاڑی علاقہ لاقانونیت کی وجہ سے شدت پسندوں کے لیے جنت تصور کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی جاسوسی طیاروں نے پہلی مرتبہ پاکستان کے بندوبستی علاقے کو نشانہ بناتے ہوئے صوبہ سرحد کے ضلع بنوں میں ایک گھر پر مبینہ حملہ کیا تھا جس میں پانچ افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔
 
  • Like
Reactions: nrbhayo
Top